ہیڈ لائنز

وزارت خزانہ کے تخمینے غلط ثابت، مہنگائی 21 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک): وفاقی وزارت خزانہ کے ملک میں مہنگائی کے حوالے سے لگائے گئے تمام تخمینے غلط ثابت ہو گئے ہیں اور وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق اپریل 2026 میں مہنگائی کی شرح وزارت کے اندازوں سے کہیں زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اپریل 2026 میں مہنگائی میں 2.48 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 10.89 فیصد تک جا پہنچی ہے جو کہ گزشتہ 21 ماہ کی بلند ترین سطح ہے۔ یاد رہے کہ صرف ایک روز قبل وزارت خزانہ نے اپنی معاشی آؤٹ لک رپورٹ میں مہنگائی 8 سے 9 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا تھا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 30 فیصد، ٹرانسپورٹ سروسز میں 27 فیصد اور پیٹرولیم مصنوعات میں 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح ہاؤسنگ، پانی، بجلی اور گیس کی قیمتیں 16.84 فیصد بڑھیں جبکہ ایل پی جی کی قیمت میں 38 فیصد سے زائد کا بڑا اضافہ ہوا۔ اپریل کے مہینے میں سبزیوں اور دیگر اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں جہاں ٹماٹر 57 فیصد سے زائد مہنگے ہوئے اور مجموعی طور پر سبزیوں کی قیمتوں میں 40 فیصد تک اضافہ ہوا۔ انڈے 14 فیصد، پیاز 9 فیصد اور آلو 4 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ دودھ، گوشت، چاول اور دال ماش کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔

دوسری جانب کچھ اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی ہے جس میں گندم کی قیمت میں 9 فیصد اور آٹے میں تقریباً 5 فیصد کمی شامل ہے۔ اس کے علاوہ تازہ پھل، مچھلی، چینی، بیسن اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی آئی ہے تاہم مجموعی طور پر مہنگائی کا گراف اوپر ہی رہا ہے۔

0 Comments

Type and hit Enter to search

Close