کراچی (ویب ڈیسک): محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور خشک موسم کے باعث ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پیش گوئی کے مطابق 3 مئی تک صوبے کے وسطی اور بالائی علاقے شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں رہیں گے، جس کے دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ اس ہیٹ ویو سے متاثر ہونے والے اضلاع میں جامشورو، دادو، شہید بینظیر آباد، کشمور، گھوٹکی، سانگھڑ، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر شامل ہیں۔
ماہرینِ موسمیات نے شہریوں، بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ براہِ راست سورج کی تپش سے بچنے کے لیے دن کے اوقات میں گھروں سے کم نکلیں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔ ساتھ ہی کاشتکاروں کو گندم کی فصل اور مویشیوں کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج اور کل درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ اتوار کو پارہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اگرچہ شہر میں گرم اور خشک ہوائیں چلنے کی توقع ہے، تاہم سمندری ہوائیں فعال رہنے کے باعث کراچی میں فی الحال ہیٹ ویو کا کوئی خطرہ موجود نہیں ہے۔
0 Comments